بھٹکل:28جون(ایس او نیوز) پچھلے ایک ہفتہ سے بھٹکل تعلقہ میں برس رہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے جہاں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے وہیں نوائط کالونی ،نیشنل ہائی وے کے قریب کارگیدے سے متصل سڑک مکمل طورپر بارش کی نذر ہوگئی ہے۔ زوردار بارش کے نتیجےمیں سڑک کی جھلی ، مٹی بکھر گئی ہے، سڑک پوری طرح گدلے پن میں ڈوب گئی ہے۔ سڑک پر سے سواریوں کا گزراب ناممکن ہوگیا ہے، البتہ یہ سڑک ایک نالے میں تبدیل ہوگئی ہے جس پر سے نیشنل ہائی وے کے دوسرے پار کا پانی اس سڑک پر سے گذرتا ہوا قریبی کمپائونڈوں میں گھس رہا ہے۔ پانی اس سڑک پر سے اتنی تیزی سے بہتا ہے کہ سڑک کی کی جھلی اور مٹی بھی پوری طرح نکل چکی ہے جس کے نتیجے میں اب عوام بالخصوص طلبا کواس راستے سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔
نوائط کالونی نیشنل ہائی وے سے متصل فیمکو کے عقب سے گذرنے والی یہ سڑک جالی پنچایت کے حدود میں آتی ہے، مقامی لوگوں نے بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا سمیت ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، جالی پنچایت کے ذمہ داران اور بھٹکل تحصیلدار بی این باڈکر سے درخواست کی ہے کہ وہ متعلقہ علاقہ کا دورہ کریں اور اس خستہ حال سڑک کا خود جائزہ لے کر جلد سے جلد سڑک کی مرمت کریں، تاکہ سڑک پر دوبارہ آمدورفت شروع ہوسکے۔
